کریڈٹ سوئس بینک کے 18 ہزار اکاؤنٹس کا ریکارڈ لیک، 100 ارب سے زائد ڈالر موجود

پنڈورا اور پاناما کے بعد نیا ہنگامہ، کریڈٹ سوئس بینک کے 18 ہزار اکاؤنٹس کا ریکارڈ لیک ہوگیا، کئی ڈکٹیٹرز، سیاستدانوں اور مافیاز سے تعلق رکھنے والے افراد کے کھاتے بھی شامل، اکاؤنٹس میں 100 ارب سے زائد ڈالر موجود، آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجیکٹ (او سی سی آر پی) نے تفصیلات جلد منظر عام پر لانے کا اعلان کردیا ہے۔

کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خلاف کام کرنے والی عالی تنظیم او سی سی آر پی کا کہنا ہے کہ 18 ہزار اکاؤنٹس ہولڈرز میں سے کچھ وہ لوگ بھی شامل ہیں جن کا بینک اکاؤنٹ ہی نہیں کھلنا چاہیے تھا۔

او سی سی آر پی کے مطابق سوئس کریڈٹ میں اردن کے بادشاہ شاہ عبد اللہ کے صرف ایک اکاؤنٹ میں 223 ملین ڈالر پڑے ہوئے ہیں جبکہ حالیہ دنوں میں اردن کو زر مبادلہ کی شدید کمی کا سامنا تھا، مصر کے ایک خفیہ ادارے کا سربراہ، جرمن عہدیدار، وینزویلا کے بزنس مین اور آذربائیجان کا ایک امیر ترین شخص بھی ان افراد میں شامل ہے جن کا نام ان خفیہ اکاؤنٹس میں سامنے آیا ہے۔

100 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے ان بینک اکاؤنٹس پر او سی سی آر پی اور 47 دیگر میڈیا کے ادارے تحقیق کر رہے ہیں، سنسنی خیز انکشافات پر مبنی رپورٹ جلد منظر عام پر آئے گی، سوئس قوانین کے تحت بینکوں سے متعلق جو بھی خفیہ باتیں منظر عام پر لائے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، اس خوف سے سوئٹزر لینڈ کا کوئی میڈیا ادارہ ان تحقیقات میں شامل نہیں ہے۔

او سی سی آر پی کے مطابق جلد ریکارڈ منظر عام پر لایا جائے گا جبکہ 47 دیگر میڈیا ہاؤسز پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں