بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکا کے باعث ڈی ایس پی سمیت تین افراد شہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ پر دھماکے میں کرائم برانچ کے ڈی ایس پی اجمل سمیت 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 25 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں پانچ افراد شدید زخمی ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ کر معلومات اکھٹی کر رہے ہیں اور فی الحال دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔
پولیس کے مطابق فاطمہ جناح روڈ اور اطراف کے راستوں کو آمد و رفت کیلئے بند کردیا گیا ہے۔سکیورٹی اہلکاروں نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ 25 فروری کو کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سمیت پولیس کے دو اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 23 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں کارروائی کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے 18 فروری کو بلوچستان کے علاقے بلیدا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تھی جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
کوئٹہ میں 7 فروری کو سریاب روڈ پر موٹر سائیکل میں نصب بم کے دھماکے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ 2 فروری کو دہشت گردوں کی جانب سے نوشکی اور پنجگور میں واقع سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دو علیحدہ علیحدہ حملے کیے گئے تھے۔