سینئر اداکار مسعود اختر 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ سینئر اداکار عرصہ دراز سے پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث علیل تھے۔ اداکار مسعود اختر کی نماز جنازہ گلشن راوی میں ادا کی جائے گی۔
مسعود اختر 5 ستمبر 1940 کو ساہیوال کے ایک گاوں میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم مقامی سکول سے حاصل کرنے کے بعد انہوں نے مری کالج میں داخلہ لے لیا۔ لاہور آئے تو بینک میں ملازمت کے ساتھ ایل ایل بی اور ساتھ ہی ریڈیو پر کام شروع کر دیا، وہاں برجستہ جملوں کی ادائیگی سے تھیٹر پر اداکاری کی دنیا میں قدم میں رکھا۔
1964 میں پی ٹی وی پرڈراموں کا آغاز ہوا تو انہوں نے ڈراموں میں بھی اپنے فن سے لوگوں کے دلوں میں خاص مقام بنالیا۔ کئی لازوال ڈراموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے، شاید ہی کوئی ایسا کردار ہوگا جو انہوں نے ڈراموں میں نا نبھایا ہو۔
1968 میں فلمی دنیا میں بھی قدم رکھا۔ انہوں نے پہلی فلم سنگدل میں کام کیا، جو بہت مقبول ہوئی، اس کے بعد درد، دوسری ماں، آنسو، تیری صورت میری آنکھیں، جاپانی گڈی، گھرانہ، میرا نام محبت، بھروسہ، انتخاب، نکی جئی ہاں سمیت کئی فلموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے۔