بلوچستان کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلاقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے علاقے مشکئی کے قریب سنگی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ان کی گرفتاری کے لیے آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کے گرد سیکیورٹی فورسز کے پوزیشن لیتے ہی دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جو کہ ضلع آواران میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس کے علاوہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جو دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کے لیے استعمال کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دو بہادر سپوت نائیک تاجوالی اور سپاہی اسامہ نے شہادت کو گلے لگا لیا جبکہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔