لاہورہائیکورٹ نے دوست محمد مزاری اور حمزہ شہباز کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب کے وزیراعلیٰ کے الیکشن کے لیے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری اور حمزہ شہباز کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے دونوں درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے اسپیکرپنجاب اسمبلی، آئی جی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر فریقین کو 11 اپریل کیلئے نوٹس جاری کر دیے۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ سیکریٹری پنجاب اسمبلی ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے دونوں درخواستوں پر سماعت کی۔
چیف جسٹس امیر بھٹی نے کہا کہ ریکارڈ آئے گا تو ہی سماعت کریں گے۔
وکیل اعظم تارڑ نے عدالت سے کہا کہ یہ آئینی مسئلہ ہے، ایک دن بھی یہ آفس خالی نہیں رہ سکتا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ اسی لیے درخواست پر آج ہی اعتراض دور کرکے سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔ ہمیں سسٹم کے ساتھ چلنا چاہئے۔
عدالت نے مذید ریمارکس دیے کہ وکلاء کو بیٹھ جانا چاہئے، جس نے دلائل دینا ہیں وہ وکیل کھڑا رہے۔
وکیل دوسر محمد مزاری نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کا چیمبر کھولنے کی اجازت دی جائے جس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ آپ پہلے ریکارڈ تو آنے دیں، نوٹسز دے دیے ہیں پھر فیصلہ کر دیں گے۔