ترک صدر کا شہباز شریف سے رابطہ، وزیراعظم بننے پر مبارکباد

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کیا اور انہیں وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کی۔
ترک صدر طیب اردوان کا کہنا تھا کہ آپ کے وزیراعظم منتخب ہونے کی خبر پر بے حد مسرور ہوں ، یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔

بعد ازاں نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی بااعتماد بھائی ہیں جب کہ دونوں کے تعلقات میں مزید قربت لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ترک صدر طیب اردوان کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں؛ شہباز شریف پاکستان کے 23ویں وزیر اعظم منتخب
خیال رہے شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد کسی بھی غیرملکی سربراہ مملکت کی جانب سے پہلا رابطہ ہے۔

اس سے قبل قومی اسمبلی نے 174 ووٹوں سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو نیا قائد ایوان منتخب کرلیا جس کے بعد شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے جب کہ تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی وزیراعظم کے امیدوار تھے تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد شہباز شریف واحد امیدوار رہ گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں