سعودی عرب، رواں سال غیرملکی عازمینِ حج کو زیادہ موقع ملے گا

سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے کہا ہے کہ اس سال بیرونِ ممالک کے عازمین کو حج کا زیادہ موقع دیا جائے گا اور کسی بھی ملک سے حجاج کی آمد پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے معاون سیکرٹری حج انجینیئر ہشام سعید نے کہا کہ اس سال زیادہ عازمین بیرون ممالک سے آئیں گے کیونکہ گزشتہ دو برسوں کے دوران کورونا وبا کے باعث وہ حج سے محروم رہے تھے۔ اس سال انہیں زیادہ موقع دیا جائے گا۔

انجینیئر ہشام سعید نے کہا کہ سعودی عرب دنیا کے ہر ملک سے حج کے خواہشمند افراد کو فریضے کی ادائیگی کا موقع دیتا ہے اور اِس مرتبہ کورونا وبا کی پابندیاں نہیں ہوں گی۔
معاون سیکرٹری حج نے کہا کہ ہر ملک سے کوٹے کے مطابق عازمین آئیں گے۔ کوٹے کا اصول مسلم وزرائے خارجہ کی عمان کانفرنس میں طے کیا گیا ہے جس کے مطابق ایک ہزار کی آبادی میں سے ایک شخص کو حج کا موقع ملے گا۔

انجینیئر ہشام سعید نے کہا کہ عازمینِ حج کے لیے ضروری ہے کہ وہ ویکسین شدہ ہوں۔ سعودی نظام کے مطابق کورونا ویکسین کی تین خوراکیں لینا لازمی ہے۔ اِس پابندی کا اطلاق سعودی شہریوں، غیرملکیوں اور بیرون ممالک سے آنے والے عازمین سب پر ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں