چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف سے عہدے کا حلف لیا۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف سے عہدے کا حلف لیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی علیل ہوگئے اور ڈاکٹر نے صدرمملکت کے معائنے کے بعد انہیں چند روز آرام کا مشورہ دیا۔ صدر مملکت کی علالت اور مختصر رخصت کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھالی۔
ایوان صدر میں منعقد تقریب میں شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب کا آغاز قومی ترانے کے بعد تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: بیرونی سازش ثابت ہوئی تو استعفیٰ دے دوں گا، نومنتخب وزیراعظم
تقریب حلف برداری میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت اتحادی جماعتوں کے سربراہان کی بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت تھے۔
قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی، شہباز شریف بھی مہمانوں میں گھل مل گئے اور تصاویر بنوائیں۔
دوسری جانب چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے ایوان صدر میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہ بھی منتخب وزیراعظم سے ملے۔ اعلی عسکری حکام نے شہباز شریف کو وزارت اعظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو نے بھی شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں وزارت اعظمیٰ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے 174 ووٹوں سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو نیا قائد ایوان منتخب کرلیا جس کے بعد شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے جب کہ تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی وزیراعظم کے امیدوار تھے تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد شہباز شریف واحد امیدوار رہ گئے تھے۔