متحدہ اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے جاری بیان میں بتایا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس دوپہر ایک بجے ہوگا جبکہ مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کمیٹی روم نمبر دو میں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس وزیراعظم کے انتخاب کے لیے مشترکہ اپوزیشن کی حکمت عملی طے کرے گا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی آج پاکستان کے نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی اور اس کے لیے متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار شہباز شریف مضبوط امیدوار ہیں ان کا مقابلہ تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی سے ہوگا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئر کے رکن ایاز صادق کی صدارت میں دو بجے منعقد ہوگا۔ اجلاس کا 2 نکاتی ایجنڈا ہوگا۔ قوائد32 اور33کے تحت اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
قومی اسمبلی میں ڈویژن یعنی تقسیم کی بنیاد پر ووٹنگ کا عمل ہوگا۔اس طریقہ کار کے تحت قومی اسمبلی میں دو لابیز کو ووٹنگ کے لیے مخصوص کیا جائے گا۔
اراکین اپنے اپنے امیدوار کے حق میں ووٹنگ کی غرض سے ان دونوں مختلف لابیوں میں جائیں گے جہاں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا عملہ ارکان کے ناموں کا اندراج کرے گا۔
ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کی جائے گی جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے امیدوار کا نام اور حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد کا اعلان کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 342 رکنی ایوان میں قائد ایوان منتخب ہونے کےلیے172ووٹوں کا حصول لازمی ہے۔