ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جماعت تاریخی فتنہ ہے۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے مدرسے پر مبینہ حملے پر ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ گزشتہ رات دیر تیمرگرہ میں مسجد اور مدرسے پر حملہ کھلی دہشت گردی اور اسلام دشمنی ہے۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ حملے میں امام مسجد طلباء اور تبلیغی جماعت پر سخت ترین تشدد کیا گیا، یہاں تک کہ مفتی عالم دین کی داڑھی نوچی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ حملہ اور تشدد گزشتہ رات کے احتجاجی مظاہرے میں شریک عمران ٹائیگر فورس کے غنڈوں نے کیا ہے، پی ٹی آئی کے بدمعاشوں اور غنڈوں نے مسجد مدرسہ علماء، تبلیغی جماعت اور طلباء کی بےحرمتی کی ہے۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے ٹائیگر غنڈہ فورس کے ہاتھوں جے یوآئی کےکارکنوں پرتشدد کی اطلاعات ہیں ، یہ بدمعاشی کے پی کے کی حکومت کی سرپرستی میں ہورہی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ کے پی کے انتظامیہ عمران نیازی ٹائیگرفورس کی غنڈہ گردی میں سہولت کار کا کردار ادا کررہی ہے، انتظامیہ حملے میں ملوث پی ٹی آئی کے بدمعاشوں اورغنڈوں کے خلاف کاروائی کرے۔
انہوں نے کہا کہ بصورت دیگرحالات کی خرابی کی ذمہ داری مقامی انتظامیہ اورصوبائی حکومت پرہوگی، آئی جی پولیس اور چیف سکریٹری کے پی کے فوری طور پر تمام پر تشدد واقعات کانوٹس لیں۔
ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ عمران نیازی کرسی کی ہوس میں ملک میں خانہ جنگی چاہتا ہے، پی ٹی آئی کا سربراہ اور یہ جماعت تاریخی فتنہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی عمران نیازی کی کال پر احتجاج اپنی حکومت کے سوگ میں کر رہی ہے۔