وزیراعظم ہاؤس میں نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف پیش کیا گیا، وزیراعظم کو پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے سلامی دی۔ شہباز شریف کا وزیراعظم ہاؤس کے اسٹاف سے تعارف کرایا گیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی پروقار تقریب وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی، پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس سے پہلے گزشتہ رات ایوان صدر میں تقریب حلف برداری ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث قائم مقام صدر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نو منتخب وزیراعظم سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں اہم شخصیات نے شرکت کی۔
شہباز شریف 174 ووٹ لیکر قائد ایوان منتخب ہوئے۔ پی ٹی آئی نے وزارت عظمیٰ کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا جبکہ قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے بھی الیکشن کی کارروائی کرانے سے انکار کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ میں کہا کہ ان کی توجہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بلند افراط زر سے نمٹنے اور جمود کا شکار معیشت کو شروع کرنے پر مرکوز ہو گی، دوسرے ممالک سے باہمی احترام، مساوات اور امن کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں، ملکر پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں گے، یہ فخر کی بات ہے تمام ادارے آئین کو رہنما اصول کے طور پر مانتے ہیں۔