امریکی وزیرخارجہ نے وزیراعظم شہبازشریف کو منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے، انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کو آگے بڑھانے کا منتظر ہے۔
امریکی وزیرخارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان 75 سالوں سے وسیع تر باہمی مفادات کا اہم شراکت دار ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ہم نومنتخب پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو آگے بڑھانے کے منتظر ہیں۔ امریکا ایک مضبوط اور جمہوری پاکستان کو باہمی مفادات کے لیے ضروری سمجھتا ہے۔
دوسری جانب پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ میں کہا کہ خطے میں استحکام کے حوالے سے امریکا کے پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں پاکستان خطے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان اور اس کے عوام خود اپنے ہی ملک میں دہشت گرد حملوں کا شکار ہیں۔ ایک سوال کےجواب میں جان کربی نے کہا کہ ہم پاکستان کی اندرونی سیاست کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔