فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکرنے 123 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 123 اراکین اسمبلی کے استعفے قومی اسمبلی کے قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے منظور کر لئے ہیں اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے باقائدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ استعفوں کی منظوری کے باعث ملک میں عام انتخابات ناگزیر ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ بطور قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی مجھے موصو ل ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے 123 اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کو رولز اور ضابطے کے تحت منظور کرلیا گیا ہے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا تھا کہ عمران خان تمام تر دباؤ کے باوجود سیلز ٹیکس میں اضافہ نہیں کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ پیٹرول پر سیلز ٹیکس صفر کردیا تھا، بجلی 5 روپے فی یونٹ سستی کی ، پیٹرول اور ڈیزل اضافہ تجویز پر 20 روپے سستا کیا، احساس کفالت ، احساس راشن پروگرام اور صحت کارڈ کا بھی اجراء کیا۔
فرخ حبیب نے کہا تھا کہ عمران خان نے بجلی اور کھاد پر مسلسل سبسڈی دی، پاکستان میں کھاد فیکٹریوں کو مسلسل گیس فراہم کرکے پیداوار میں بھی اضافہ کیااور کھاد کی قیمتوں کو بھی عالمی منڈی میں فی بوری 10ہزارقیمت کے مقابلے پاکستان میں 1800 روپے فراہمی یقینی بنائی گئی۔