عبدالقیوم نیازی کی جانب سے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا گیا ہے جس کے بعد یہ عہدہ تاحال خالی ہے۔
وزارت عظمیٰ عہدے پر انتخاب کے لئے آزاد کشمیر اسمبلی کا اجلاس آج منعقد ہوگا جس میں تحریک انصاف اور اپوزیشن جماعتوں کے نامزد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول کی جائینگی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کے استعفیٰ کے بعد اپوزیشن کی جانب سے پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسین وزارت عظمیٰ کے مظبوط امیدوار ہیں۔
دوسری جانب عبد القیوم نیازی کے استعفے کے بعد عمران خان کی جانب سے نامزد وزیراعظم کے امیدوار سردار تنویر الیاس ہیں ۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار تنویر الیاس کو سادہ اکثریت حاصل کرنے 27 ووٹ درکار ہیں جبکہ ان کے پاس مظفرآباد میں 28 اراکین موجود ہیں اور 4 مزید اراکین اسلام آباد میں موجود ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا ۔
اس حوالے سے سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ حالات و واقعات کا کچھ پتہ نہیں ہوتا، تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کا وزیراعظم تھا، عمران خان نے میرا انتخاب کیا، ان کامشکور ہوں کہ اہم عہدے پر فائز کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے متعلق لکھنے والےکی ٹانگیں کانپ رہی تھیں، مجھ پر بغیر الزام عدم اعتماد لائی گئی اور مجھ پر چارج شیٹ جولگائی گئی بے بنیاد الزام ہیں۔