نئے اسپیکر کے انتخاب کے لئے قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہوگا جو کی صدارت ایاز صادق کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج دن 12 بجے طلب کرلیا گیا ہے جس میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف عدم اعتماد پرووٹنگ ہوگی جس کے بعد قومی اسمبلی کے اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں ، اسپیکر کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے دیے گئے مقررہ وقت تک صرف راجہ پرویز اشرف نے ہی کاغذات جمع کروائے جس کے بعد ان کے بلامقابلہ قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے تجویز اور تائید کنندہ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور نوید قمر تھے جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ سے انکار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کردیا تھا۔
دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف قومی اسمبلی کے قاعدہ 12 کے تحت برطرفی کی کارروائی ہوگی جس میں ایک چوتھائی اراکین قاسم سوری کے خلاف پیش کی گئی عدم اعتماد کی تحریک کے حق میں کھڑے ہونگے جو کہ حکومتی اتحاد کے 159 اراکین نے تحریک پیش کررکھی ہے۔
تحریک منظور ہونے کی صورت میں ڈپٹی سپیکر کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی قرارداد پیش کی جائے گی جبکہ ڈپٹی سپیکر کے خلاف ووٹ خفیہ رائے شماری کے ذریعے ڈالے جائیں گے اور پینل آف چیئر مین اس حوالے سے طریقہ کار کا اعلان کرے گا ۔
قرارداد کثرت رائے سے منظور ہونے کے بعد ڈپٹی سپیکر کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا جائے گا اور سیکرٹری قومی اسمبلی ڈپٹی سپیکر کی برطرفی کا نوٹیفیکیشن جاری کرے گا