قومی اسمبلی کے حلقہ 33 ہنگو میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ندیم خیال نے میدان مار لیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری ہونے والے مکمل سرکاری نتیجہ کے مطابق این اے 33 ضلع ہنگو الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے ندیم خیال نے 20772 ، جے یو آئی (ف) کے مفتی عبید اللہ 18244 ووٹ لیکر دوسرے جبکہ اے این پی کے سید عمر 3314 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔
اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرننگ افسر اور سکیورٹی کے افسران کو چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز پر نتائج کی کاپی فراہم کی جائے۔
قومی اسمبلی کی یہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے حاجی خیال کے انتقال سے خالی ہوئی تھی، انتخابات میں جے یو آئی، پی ٹی آئی، اے این پی اور 2 آزاد سمیت 5 امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔
ہنگو حلقہ این اے 33 میں پی ٹی آٸی اور جے یو آٸی کے مابین کانٹے کا مقابلہ رہا، ان انتخابات میں 5 امیدواروں نے حصہ لیا تھا جن میں پی ٹی آئی کے ڈاکٹر ندیم خیال جو کہ مرحوم ایم این اے حاجی خیال زمان کے فرزند ہیں، جمعیت علمائے اسلام کے مفتی عبیداللہ جو سابق ضلع ناظم بھی رہ چکے ہیں، عوامی نیشنل پارٹی کے سعید عمر، آزاد امیدوار عتیق احمد اور آزاد امیدوار محمد سعید نے حصہ لیا۔
حلقہ این اے 33 کی کل آبادی 5 لاکھ 18 ہزار 798 ہے جن میں 3 لاکھ 14 ہزار 77 رجسٹرڈ ووٹرز نے اپنا حق راہ دہی استعمال کیا، اس کیلئے 210 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے تھے جن میں 110 حساس، 77 حساس ترین 23 نارمل پولنگ اسٹیشنز تھے ۔
ڈی پی او ہنگو اکرام اللہ خان کے مطابق 5 ہزار پولیس اہلکاروں سمیت پاک فوج، ایف سی کے جوان انتخابی دن کے دوران ڈیوٹیاں سرانجام دیتے رہے۔
ڈی پی او نے مزید بتایا کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر تحصیل ہنگو اور تحصیل ٹل کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا تھا۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے مطابق اس ضمنی انتخاب میں ٹرن آؤٹ 13.53 فیصد رہا۔