صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے ہدایت دی کہ گورنر پنجاب برطرفی کی سمری پر فیصلہ ہونے تک اپنے فرائض انجام دیتے رہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے تصدیق کی تھی کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر گورنر کو ہٹایا گیا۔
دوسری جانب گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران جب صحافی نے گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق پوچھا تو انہوں نے جواب دیا کہ مجھے اس طرح سے نہیں ہٹایا جاسکتا، ابھی صرف سمری بھیجی گئی ہے جس کے بعد صدر مملکت کے پاس سمری پر دستخط کرنے کے لیے 15 دن کا وقت ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاق کی جانب سے یہ اقدام اس لیے اٹھایا گیا گیا کہ عمر سرفراز چیمہ نے آج گورنر ہاؤس میں نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے حلف برداری کی تقریب مؤخر کروا دی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری اسمبلی کی طرف سے بھیجی گئی رپورٹ میں ملنے والے شواہد کو سامنے رکھتے ہوئے حلف برداری موخر کی ہے جب تک یہ فیصلہ نہیں ہوجاتا کہ گزشتہ روز ہونے والے الیکشن قانون اور آئین کے مطابق درست ہیں تب تک حلف نہیں لے سکتا۔