رواں مالی سال کے دوران غذائی اجناس کی برآمدات میں 19 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی 22-2021 کی ابتدائی 3 سہ ماہیوں کے دوران غذائی اجناس کی برآمدات میں قابل قدر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رواں مالی سال جولائی 2021 تا مارچ 2022 کے دوران پاکستان نے 3 ارب 96 کروڑ ڈالر مالیت سے زائد کی غذائی اجناس دنیا کے مختلف ممالک میں برآمد کیں جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے میں غذائی اجناس کی برآمدات کا حجم 3 ارب 33 کروڑ ڈالر سے زیادہ تھا۔
رواں مالی سال پاکستان کی جانب سے چاول کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا۔
پاکستان نے جولائی سے مارچ کے دوران چاول کی برآمد سے ایک ارب 79 کروڑ ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ کمایا جب کہ گزشتہ برس ایک ارب 56 کروڑ ڈالر کے چاول برآمد کئے تھے ، اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں برس چاول کی برآمد میں 14 فیصد سے زائد کی بڑھوتری دیکھی گئی۔
اس کے علاوہ پاکستان نے سمندری خوراک کی برآمدات سے 30 کروڑ ڈالر، پھلوں کی برآمدات سے 37 کروڑ ڈالر، سبزیوں کی برآمدات سے 24 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ کمایا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں برس کی 3 سہہ ماہیوں کے دوران تمباکو کی برآمدات 59 فیصد اضافے کے ساتھ 2 کروڑ 47 لاکھ ڈالر سے 3 کروڑ 94 لاکھ ڈالر ہوگئی۔
اس کے علاوہ پاکستان نے 24 کروڑ 99 لاکھ ڈالرز سے زائد مالیت کا مختلف اقسام کا گوشت اور ان کی بنی اشیا بھی برآمد کی ہیں۔