پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حسان خاور نے کہا ہے کہ ملکی خوداری کیلئے امپورٹڈ حکومت کیخلاف کل ایک اور تاریخی جلسہ ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں حسان خاور نے کہا کہ نکلو پاکستان کی خاطر! ملکی خوداری کے لیے امپورٹڈ حکومت کے خلاف 21 اپریل بروز جمعرات کو مینار پاکستان پر ایک اور تاریخ ساز جلسہ منعقد ہوگا۔
پی ٹی آئی کا مینار پاکستان جلسہ، تیاریاں عروج پر
مینار پاکستان میں تحریک پاکستان کے بڑے پاور شو کی بڑی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلسے کے لیے 80 فٹ لمبا ، 24 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے جبکہ جلسہ گاہ میں لائیٹس لگانے کا کام بھی جاری ہے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ جلسے کے لیے خار دار تاروں کو پہنچا دیا گیا جس سے اسٹیج اور داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی کے حوالے سے استعمال کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے مزید کہا کہ جلسے کے لیے پچاس ہزار سے زائد کرسیاں بھی لگائیں جائیں گی۔
لاہور میں ہونے والا جلسہ پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا جلسہ ہوگا، عمران خان
چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جمعرات کو لاہور میں ہونے والا جلسہ پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا جلسہ ہوگا، مینار پاکستان میں جلسہ کرنے کا مقصد 1940 کی قرارداد پاکستان کی منظوری ہے، جہاں ہندوستان کے مسلمانوں کو آزادی ملی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں سب پاکستانیوں کو اُسی جگہ اپنی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کے لئے دعوت دے رہا ہوں کیونکہ پاکستان میں بیرونی ملک سازش کے تحت اپنے غلاموں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ لاہور جلسے میں سب طبقے کے لوگوں کو دعوت دینا چاہتا ہوں۔