شیخ رشید نے کہا ہے کہ خانہ جنگی سے بچنے کیلئے30مئی سے پہلے الیکشن کا اعلان کردیں۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی کال پر پورا پاکستان جمع ہوجائے گا، آج ہر کوئی عمران خان کے ساتھ ہے، یہ الیکشن کا مطالبہ کرتے تھے آج خود الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچہ بچہ جانتا ہے ان تمام جماعتوں کو اکٹھا کیا گیا، اگرتشدد ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی، خانہ جنگی سے بچنے کیلئے30مئی سے پہلے الیکشن کا اعلان کردیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن کا اعلان نہ ہوا تو عمران خان کال دیں گے، ہمارا کسی سے جھگڑا نہیں،چوروں کو نہیں چھوڑیں گے۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امپورٹڈ حکومت ہے انکوسیکیورٹی کا مرض لگا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو روکنے کیلئے راستے بند کیے گئے ہیں، الیکشن کمیشن کے سامنےعلامتی احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں، ہم حکومت میں تھے انہیں احتجاج کے مواقع دیے۔
شبلی فراز نے کہا کہ بلاول بھٹو ساتھیوں کے ساتھ آئے ہم نے انہیں نہیں روکا، 4 لوگوں کواکٹھے دیکھتے ہی اس حکومت کی ٹانگیں کانپنے لگ جاتی ہیں، عمران خان کی کال پر ملک ایک گھنٹے کے نوٹس پر اکٹھا ہوسکتا ہے۔