وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی باشندوں کی جان لینے والوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکائیں گے، پاکستان اور چین کے درمیان آہنی تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور چین کی ناظم الامور پھینگ چنگ زو سے ملاقات کی ، وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر اور وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ بھی ہمراہ تھے۔
شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کے لئے خصوصی تعزیتی پیغام بھی تحریر کیا اور جامعہ کراچی میں دھماکے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپنے آئرن برادرز پر وحشیانہ حملے پر پاکستانی قوم صدمے اور غم کی حالت میں ہے، پورا پاکستان چین کی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کرتا ہے، دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پاکستانی سرزمین سے ہر قسم کی دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے، واقعے کی تیزی سے تحقیقات کریں گے اور مجرموں کو قانون کے مطابق عبرت کا نشان بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کو کل کراچی پہنچنے کی ہدایت کی ہے، مجرموں کی گرفتاری اور سزا دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، چینی باشندوں کی جان لینے والوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکائیں گے، پاکستان اور چین کے درمیان آہنی تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، ان عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے: جاں بحق ہونے والوں کے جسد خاکی اور زخمیوں کی احترام سے گھروں کو واپسی کے لیے تمام انتظامات کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی باشندوں اور اداروں کی سکیورٹی بڑھانے اور فول پروف بنانے کا حکم دے دیا ہے، مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔