اسلام آباد پولیس میں بڑے پیمانے پر افسران کو ترقیاں دے دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد کی خصوصی دلچسپی وہدایت پر 148 افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق 14انسپکٹرز کو ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی مل گئی ہے جبکہ 32 سب انسپکٹرز کو انسپکٹر کے عہدے پر پرموٹ کردیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ 42 اے ایس آئیز کی سب انسپکٹر، 48 ہیڈ کنسٹیبلز کو اے ایس آئیز کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے جبکہ 3اسسٹنٹس کی سپرنٹنڈنٹ، 3 یوڈی سی کی اسسٹنٹ اور 6 ایل ڈی سی کی یوڈی سی کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے افسران میں بڑے پیمانے پر ترقیوں سے خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے افسران کو ترقی کے بیجز لگائے اور مبارکباد دی۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ افسران نے اسلام آباد پولیس میں شہریوں کی خدمت کے لئے اپنی زندگی کا قیمتی حصہ وقف کردیا ہے۔
آئی جی محمد احسن یونس نے کہا کہ ترقیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور اگلے مرحلے میں کنسٹیبلز کی ترقیاں ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ہر افسر ہمارا ہیرو ہے جو اپنے خاندان سے دور شہریوں کی خدمت کے لئے کھڑا ہے، انشاءاللہ ہم اپنے شہر کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل رہیں گے۔
واضح رہے کہ ترقی پانے والے افسران نے آئی جی اسلام آباد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔