وزیر اعظم شہباز شریف کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ شاہی محل پہنچنے پر وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف شاہی محل پہنچے تو شہزادہ محمد بن سلمان نے باہر آکر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ گارڈ آف آنر دینے کے بعد سعودی ولی عہد وزیراعظم کو محل کے اندر لے گئے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے وفود کا تعارف کرایا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی اور عالمی امور سمیت دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہر مشکل وقت میں سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کی، ہمیشہ برادر اسلامی ملک کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
اہم بیٹھک میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب و دیگر شریک تھے۔
ملاقات سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا پاکستان اور سعودی عرب کا 7 دہائیوں سے ایک خاص رشتہ ہے، تاریخی تعلقات کو گہری اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کر رہے ہیں۔