وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ کا سہرا مسلم لیگ(ن) کی حکومت کو جاتا ہے، یہ پراجیکٹ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کلیدی اہمیت رکھتاہے-
وزیراعلی حمزہ شہباز کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سینٹر رانا مقبول احمد، عمران گورایہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
وزیر اعلی نے ڈیجیٹل کیمروں کے ذریعے شہر میں امن عامہ کی مانیٹرنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی نے ڈیجیٹل وال پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ نظام کا معائنہ بھی کیا۔ وزیراعلیٰ کو کیمروں کی مدد سے امن عامہ کے قیام کے لئے مانیٹرنگ نظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔
وزیراعلی حمزہ شہباز نے پکار 15 کال سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی حمزہ شہباز نے غیر نمونہ نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سٹرکوں پر لین مارکنگ کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ مسلم لیگ ن کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ وزیر اعلی نے تمام کیمروں کو جلد از جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ساڑھے 17 ارب روپے کے اس منصوبے سے گزشتہ 2 برس کے دوران جو کیا گیا اس کا کوئی جواز نہیں۔ ہم عوام کو جواب دہ ہیں۔عوامی اہمیت کے اس منصوبے سے متعلق امور میں مزید تاخیر کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔ چینی کمپنی کے ساتھ قانونی قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھ کر امور فوری طے کئے جائیں۔
وزیر اعلی حمزہ شہباز نے لاہور میں ٹریفک کی موثر مینجمنٹ کے لیے سیف سٹی اتھارٹی میں علیحدہ سیل قائم کرنے کی ہدایت دی