وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان انتقال کرگئے، متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صدر کے انتقال پر 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کیا اور لکھا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال کی خبر سن کر گہرا رنج ہوا، متحدہ عرب امارات نے ایک دور اندیش رہنما اور پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا ہے، ہم یو اے ای کی حکومت اور عوام کے لئے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اللہ مرحوم کی روح کو سکون دے!۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت پاک فوج کے تمام رینکس کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے صدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی آئی ایس پی آر) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار افسوس کا پیغام جاری کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان ایک قریبی دوست سے محروم ہوگیا، اللہ تعالی مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت دے، آمین!۔
بلاول بھٹو زرداری کا اظہار افسوس
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکیا۔
انہوں نے لکھا کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو سکون میں رکھے، ہماری دعائیں شاہی خاندان اور متحدہ عرب امارات کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔