حکومت پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں صاف پنجاب مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج سے صوبہ بھر میں صاف پنجاب مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
پنجاب کی تمام ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں کو چار ماہ پر مشتمل شارٹ ٹرم صفائی پلان پر عملدر آمدکی ہدایت کردی گئی ہے، پلان میں نظر انداز کئے گئے علاقوں میں صفائی پر زیادہ فوکس کیا جائے گا۔
حکومت پنجاب نے ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں سے صفائی سرگرمیوں کی ٹائم لائن طلب کر لی ہے جبکہ شارٹ ٹرم پلان میں استعمال ہونیوالی افرادی قوت،مشینری اور وسائل کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے۔
منصوبے پر عملدرآمد کے لئے مربوط ایکشن پلان بنانے کی ہدایت کر دی گئیں ، صفائی کی سرگرمیوں کو روزانہ کی بنیاد پر ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کیا جائے گا۔
سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر کی ہدایت پر کمپنی انتظامیہ نے شارٹ ٹرم پلان تیار کر لیا ، پلان کے مطابق روزانہ ایک یونین کونسل کو زیرو ویسٹ صفائی کے لئے ٹارگٹ کیا جائے گا۔
محمد فاروق ڈوگر نے کہا کہ شہریوں کو صفائی کے بارے میں واضح تبدیلی نظر آئے گی، قلیل المدتی صفائی پلان پر عملدر آمد کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکرٹریٹ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران صفائی چیکنگ کے لئے اچانک دورے کریں گے اور شہر میں معمول کا صفائی آپریشن بھی جاری رہے گا۔