صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ مذہب، اقدار اور ثقافت پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
صدر مملکت عارف علوی نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان اور سعودی عرب متعدد علاقائی اور عالمی امور پر ہم آہنگی رکھتے ہیں۔
عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک اور وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے تاجروں اور چیمبرز آف کامرس کو باہمی تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے روابط جاری رکھنے کی ترغیب دینے پر زور دیا گیا۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستانی عوام خادمین حرمین شریفین کی اچھی صحت اور درازی عمر کے لیے دعاگو ہیں۔