وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ عوام پر بھی خرچ کررہے ہیں۔
گوادر یونیورسٹی میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک ملکی ترقی کا منصوبہ ہے، پچھلی حکومت نے سی پیک کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ عوام پر بھی خرچ کررہے ہیں جبکہ سی پیک کے منصوبے موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوادر میں آپ سے 4 یا 5 سال بعد مخاطب ہونے کا موقع ملا، اپنے پچھلے دور میں گوادر کی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے کام کررہے تھے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی کا کہنا تھا کہ ہم نے گوادر میں ہائیر ایجوکیشن کو اہمیت دی، اگر تعلیم نہیں ہوگی تو ترقی کا عمل رک جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ 2 سے 3 سال میں یونیورسٹی کا کیمپس مکمل ہو جائے، اس یونیورسٹی کو سینٹرآف ایکسیلینس بنائیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ بلوچستان کے خطے کو کلیدی حیثیت حاصل ہے، اختلاف کو تشدد سے نہیں ، مکالمے سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ علم اور تحقیق اور جستجو سے دنیا میں ترقی ممکن ہے، میں گوادر کی ترقی سے منسلک رہا ہوں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے گوادر کے شہریوں کے لئے محنت کی، کئی منصوبے شروع کئے، بجلی اور پانی کے منصوبے شروع کئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید تھی دو سال میں مکمل ہوجائیں گئے،لیکن مجھے افسوس ہوا،ہمارے شروع کئے گئے منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوادر میں ٹرانسمیشن لائن کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے اور ہسپتال آپ گریڈ کریں گے۔