گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے خوشخبری، محکمہ موسمیات نے آج (جمعرات کی شام) سے ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جو کہ 24 مئی تک موجود رہے گا۔ جس کے باعث خصوصاً دوپہر اور شام کے اوقات میں اسلام آباد، راولپنڈی سمیت خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آندھی /تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی کی توقع ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آبی ذخائر، فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خطرہ برقرار رہے گا جبکہ تیز ہواؤں سے بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اسٹرکچرز کو بھی نقصان ہو سکتا ہے۔