بھارتی عدالت نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی عدالت نے یاسین ملک کو 19 مئی کو دہشتگردی کی فنڈنگ کے جھوٹے مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا، محمد یاسین ملک نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں کئی برسوں سے قید ہیں۔
نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی عدالت نے یاسین ملک کو حریت پسندوں کی مالی معاونت سمیت سات مختلف مقدمات میں سزائیں سنائیں، دو الزامات کے تحت عمر قید، پانچ دیگر مقدمات میں 10، 10 برس قید کی سزائیں سنائی گئیں، دس لاکھ روپے سے زائد جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
کشمیری میڈیا سروس کے مطابق سرینگر میں یاسین ملک کے گھر کے باہر قابض بھارتی فورسز کو تعینات کیا گیا، یاسین ملک کے گھر میں رشتہ دار اور ان کے چاہنے والے جمع، گھر کے باہر “یاسین ہم تمھارے ساتھ ہیں” کے نعرے لگائے گئے، حریت رہنما کی بہن کھڑکی پر قرآن پاک کی تلاوت کرتی نظر آئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سرینگر کے لال چوک میں مظاہرے پھوٹ پڑے، سرینگر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی ہے۔