راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے خود ساختہ طور پر گرفتاری دی۔
وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے لانگ مارچ میں شامل لوگ اسلحہ سے لیس ہیں، عمران خان قوم کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان خود ہیلی کاپٹر میں وہاں پہنچے، عمران خان کو کوئی شرم ہے تو مارچ کو واپس لے جانا چاہیے، عمران خان قوم کو گمراہ اور تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ آج 3 بجے اسلام آباد میں جلسے کا عمران نے اعلان کیا تھا، اس فتنہ اور فساد کی کوئی گنجائش نہیں ہے، عمران خان کے ساتھ جو آگے بڑھے وہ4سے5ہزار تھے۔
وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے سری نگرروڈ پر 3 بجے پہنچنا تھا، تین ماہ سے انہوں نے پوری قوم کو یرغمال بنایا ہوا تھا، عمران خان نے کاروباری اور دیگر معاملا ت معطل کیا ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا، لانگ مارچ آج رکھنے کا مقصد آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کونقصان پہنچانا تھا، عوام نے فتنہ فساد مارچ کا حصہ بننے کے بجائے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی۔
راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران کا بیانیہ صرف سوشل میڈیا پر تھا، عوام چاہتی ہے کہ ملک جمہوری انداز میں آگے بڑھے، سندھ کے عوام نے آج فتنہ اور فساد کا حصہ بننے سے انکار کیا، مارچ کیلئے صوبائی حکومت کے وسائل کو استعمال کیا جا رہا ہے۔