عمران خان ولی انٹرچینج مردان پہنچ گئے، مرکزی جلوس کی قیادت کریں گے

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ولی انٹرچینج مردان پہنچ گئے جہاں سے کنٹینر پر سوار ہوکر مرکزی جلوس کی قیادت کریں گے۔

عمران خان کی آمد کے موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد میں ولی انٹرچینج پر موجود تھی۔ یہاں سے عمران خان لانگ مارچ کے مرکزی جلوس کی قیادت کریں گے، جلوس اسلام آباد میں کشمیر روڈ سے ہوتا ہوا ڈی چوک پہنچے گا۔

اپنے ویڈیو بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پشاور سے مارچ کا آغاز کررہا ہوں، سارے خیبر پختونخوا کے لوگوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہاں پہنچیں، ادھر سے آزادی مارچ کے کاررواں کی قیادت کروں گا، وہاں سے اسلام آباد جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے میرے ساتھ سب نکلیں گے، یہ پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن وقت ہے، ہم حقیقی آزادی ضرور حاصل کریں گے۔ اس سے قبل عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکا کے غلاموں کو ہم پر مسلط کر دیا گیا، اگر اب نہیں نکلے تو آئندہ نسلیں معاف نہیں کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں