ملتان: زکریا ایکسپریس میں خاتون سے زیادتی کے واقعے میں نامزد 2 ملزمان اور ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈی ایس ریلوے نے مقدمے میں 2 نامزد ملزمان اور ایک مشکوک شخص کو حراست میں لیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار 2 ملزمان کا تعلق ملتان اور ایک کا تعلق شورکوٹ سے ہے۔
ڈی ایس ریلوے حماد رضا کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو کراچی ریلوے پولیس کے حوالےکیا جائے گا، واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہے، واقعے میں ٹرین کے 4 سکیورٹی گارڈ بھی پولیس تحویل میں ہیں۔
ریلوے پولیس نے زکریا ایکسپریس میں خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے پر 4 سکیورٹی گارڈز کو حراست میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چاروں سکیورٹی گارڈز نجی کمپنی کے ملازم ہیں۔
واضح رہےکہ زکریا ایکسپریس میں خاتون سے ٹرین عملے کی زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے جس میں خاتون کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی ثابت ہوئی ہے۔