بالی وڈ اسٹار سنجے دت کو ممبئی سے دبئی منتقل ہوئے کافی عرصہ ہوچکا ہے.
اب ایک انٹرویو میں سنجو کے نام سے مشہور اداکار نے دبئی منتقل ہونے کے بارے میں بات کی ہے۔
سنجے دت کے والدین سنیل اور نرگس دت معروف اداکاروں میں سے ایک تھے اور ان کے والد بھارت میں سیاسی طور پر بھی بہت زیادہ سرگرم تھے.
مگر اب سنجے دت ، ان کی اہلیہ اور جڑواں بچے دبئی میں مقیم ہیں۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ آخر کس وجہ سے وہ ممبئی سے دبئی منتقل ہوئے تو انہوں نے کہا کہ یہ صرف ان کا اپنا فیصلہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا ‘میری بیوی نے یہ فیصلہ کافی عرصے پہلے کرلیا تھا اور وہ بہت عرصے سے یہاں مقیم ہے۔ میں اپنے کام کے باعث ممبئی اور دبئی کے درمیان چکر لگاتا رہتا ہوں، میرا خاندان دبئی آکر خوش ہے اور اگر وہ خوش ہیں تو میں بھی خوش ہوں’۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا خاندان متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کی وبا سے قبل ہی منتقل ہوگیا تھا اور وہ یو اے ای کو ہی اپنا گھر سمجھنے لگے ہیں۔
اس سے قبل مئی 2022 میں ایک انٹرویو کے دوران سنجے دت نے کہا تھا کہ اگرچہ دبئی منتقل ہونا سوچا سمجھا قدم نہیں تھا مگر اپنے بچوں کو خوش دیکھنا ہی ان کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا ‘میں اپنے بچوں کو یہاں تعلیم حاصل کرتے دیکھ کر خوش ہوں، میری بیوی مانیتا بھی یہاں اپنی چیزیں کررہی ہے، میں ہر اس جگہ جاؤں گا جہاں وہ ہوں گے’۔
خیال رہے کہ سنجے دت اور مانیتا کی شادی 2008 میں ہوئی تھی اور 2010 میں جڑواں بچوں اقرا اور شہران کی پیدائش ہوئی تھی۔
سنجے دت نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کسی منصوبہ بندی سے نہیں ہوا بلکہ ایسا خود ہی ہوگیا، مانیتا کا دبئی میں کاروبار چل پڑا اور بچے ماں کے ساتھ وہاں چلے گئے۔