ایران نژاد بالی وڈ اداکارہ مندانا کریمی برقع میں ڈانس کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تنقید کی زد میں آگئیں۔
رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 9 کی کنٹسٹنٹ مندانا کریمی بالی وڈ میں اپنے بولڈ سین شوٹ کے باعث خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں تاہم حال ہی میں مندانا کی مال میں برقع پہن کر رقص کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی۔
ویڈیو اداکارہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جس کے کیپشن میں مندانا کریمی نے لکھا تھا کہ ’کاش برقع میں شوٹنگ بھی اتنی ہی آسان ہوتی جتنی کہ BTS میں ہے، مجھے برقع سے نفرت نہیں ہے لیکن برقع میں فلم بنانے والوں سے ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے پر اداکارہ سوشل میڈیا پر تنقید کا شکار ہوگئیں جس میں صارفین نے ان کے بیان کو مسلم خواتین کی بے عزتی اور منفی تاثر پھیلانے کی کوشش قرار دیا۔
بعد ازاں اداکارہ نے تنقید کرنے والے صارفین کو انسٹااسٹوری کے ذریعے جواب دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی برقع کی ویڈیو پر کیے جانے والے تبصرے پڑھے ہیں ، لوگ پاگل ہیں لیکن میں یونی کورن بننا چاہتی ہوں۔