عمران خان کی 15 مقدمات میں 6 جولائی تک عبوری ضمانت منظور

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی 15 مقدمات میں 6 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت مفتی کی عدالت میں سماعت کے دوران عمران خان اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، دوران سماعت وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پانچ پانچ ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض تھانہ آبپارہ، آئی نائن،کوہسار، کراچی کمپنی ،گولڑہ ،ترنول اور تھانہ سیکریٹریٹ میں درج 10 مختلف مقدمات میں ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا اور مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت6 جولائی تک کیلئے ملتوی کردی۔

ادھر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ عبدالغفور کاکڑ کی عدالت نے تھانہ بہارہ کہو، سہالہ،کورال اور تھانہ لوہی بھیر میں درج 5 مختلف مقدمات میں بھی سابق وزیر اعظم عمران خان کی پانچ پانچ ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس سے ریکارڈ طلب کرلیا اور سماعت6جولائی تک کیلئے ملتوی کردی۔
عمران خان کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، علی اعوان، شہباز گل بھی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان کی عدالت پیشی کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں