بھاری لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑی تودے گرنے کے باعث بند جگلوٹ سکردو شاہراہ آج تیسرے روز بھی نہ کھل سکی ، سینکڑوں سیاح سکردو میں پنھس گئے، بلتستان میں پٹرولیم مصنوعات کا بحران پیدا ہوگیا۔
ایف ڈبلیو او کے مطابق شاہراہ کی بحالی میں مزید تین دن لگ سکتے ہیں، شاہراہ روندو کے علاقے طورمِک پڑی کے مقام پر یکم اور 2 جولائی کی رات بھاری پہاڑی تودے گرنے سے بلاک ہو گئی تھی جس کی بحالی کے دوران دوبارہ پہاڑی تودہ گرنے سے ایف ڈبلیو او کی مشینری بھی تباہ ہو گئی۔
شاہراہ کی بندش کے باعث سینکڑوں سیاح سکردو اور راستے میں پھنس گئے، بلتستان کے چاروں اضلاع میں پٹرولیم مصنوعات کا بحران پید اہوگیا ہے جس سے عوام کے ساتھ سیاحوں کو بھی مشکلات پیش آرہی ہیں ، ادھر ضلعی انتظامیہ نے جے ایس آر کی بحالی تک مسافروں اور سیاحوں کو دیوسائی استور روڈ سے سفر کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔