پٹرول 30 اورڈیزل 40 روپے تک سستا ہونے کا امکان

وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی عید پر عوام کو بڑی خوشخبری دینے کا فیصلہ کیا ہے، پٹرول 20سے 30 اورڈیزل 30 سے 40 روپے سستا ہونے کا امکان ہے۔
وزیراعظم نے منعقدہ اجلاس میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھجوانے کا حکم دیا۔ اجلاس میں اوگرا سمیت دیگر وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم نے وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری مانگ لی۔

ذرائع کے مطابق پٹرول 20 سے 30 اور ڈیزل 30 سے 40 روپے سستا ہونےکا امکان ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے قربانی دی، اس کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہئے، عوام نے مشکل وقت گزارا ہے، اب پورا ریلیف ملنا بھی اُن کا حق ہے، عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی ہے، پوری شفافیت کے ساتھ عوام کو اس کی منتقلی یقینی بنائیں، سابق حکومت کی لائی مہنگائی سے ستائے عوام کی حتی المقدور اشک شوئی کرتے رہیں گے۔ اللہ تعالی کا فضل وکرم یوں ہی جاری رہا تو اِن شاءاللہ عوام کی زندگی میں مزید آسانیاں لائیں گے۔

اُدھر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی کہہ چکے ہیں کہ عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہونے پر ملک میں پیٹرول و ڈیزل کی قیمت کم کریں گے۔
تحریک انصاف عمران خان نے لیہ میں جلسے سے خطاب میں عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خادم اعلیٰ صاحب پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 150 روپے لٹر کر دیں۔

جھنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مجبوری میں بڑھانا پڑیں، اب عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونا شروع ہوئیں تو وزیراعظم شہباز شریف نے سمری منگوا لی، آئندہ دو دن میں وزیراعظم شہباز شریف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں گے۔ پنجاب کے عوام کو نواز شریف اور شہباز شریف پر بھروسہ ہے، سابقہ حکومت نے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا، آئندہ چند ہفتوں، مہینوں میں ہم ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔

دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم ہونے کے بعد پاکستان میں یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی لیکن ماہرین توانائی کے مطابق اس حوالے سے کوئی بھی امید لگانا فی الحال قبل از وقت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں