تخت پنجاب کی جنگ، میدان لگنے کو تیار، 20 نشستوں پر ووٹنگ کل ہوگی،پولنگ سامان کی ترسیل کا عمل شروع ہو گیا، لاہور،فیصل آباد اور بھکر سمیت دیگر شہروں میں سامان پریذائیڈنگ افسران کےحوالے کر دیا گیا ہے۔
45 لاکھ 96 ہزار873 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، 20 حلقوں میں 175 امیدوار مدمقابل ہیں، 3 ہزار 140 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
جبکہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب کیلئے سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم ختم ہو گئی، آخری روز مسلم لیگ ن، تحریک انصاف سمیت امیدواروں نے بھرپور مہم چلائی۔
ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ اتوار کو ہوگی، الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں، آخری روز ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کی جانب سے بھرپور انتخابی مہم چلائی گئی۔
لاہور ملتان اور بھکر کے پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز تعینات ہو گی جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج کے جوان بھی تعینات ہوں گے
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔
دوسری جانب لاہور میں ٹریفک پولیس نے ضمنی الیکشن کے حوالے سے انتطامات مکمل کر لیے ہیں، ایس پی ٹریفک آصف صدیق، ایس پی شہزاد خان ٹریفک انتظامات کی مکمل سپرویژن کریں گے۔
سی ٹی او منتظر مہدی نے بتایا ہے کہ 07 ڈی ایس پیز، 43 ٹریفک انسپکٹرز اور 613 وارڈنز تعینات ہونگے، مجموعی طور پر 189 پولنگ بلڈنگز کے گردونواح میں ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے، رانگ پارکنگ کے خاتمے کیلئے 20 فوک لفٹرز، 17 سپشل اسکواڈز بھی تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشکوک گاڑیوں پر کڑی نظر رکھنے کےلئے ضلعی پولیس کے تعاون سے 42 ناکے لگائے ہیں، پولنگ بوتھ سے کم ازکم 03 سو میٹر دور پارکنگ کروائی جائے گی۔
منتظر مہدی نے شہریوں سے ٹریفک کی روانی کے لئے وارڈنز سے تعاون کی اپیل کر دی انہوں نے ڈویژنل افسران اور سرکل افسران کو پولنگ بلڈنگز کے وزٹس کا حکم دے دیا۔