بلوچستان میں بارشوں سے مزید 7 ہلاکتیں، تعداد 82 ہوگئی، ہزاروں مکانات تباہ

بلوچستان میں جاری بارشوں کے باعث مزید 7 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد اب تک صوبے میں بارشوں سے ہونے والی اموات کی تعداد 82 ہوگئی جب کہ بارشوں سے اب تک تین ہزار سے زائد مکانات تباہ ہوگئے۔

پی ڈی ایم اے بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو بلوچستان میں جاری بارشوں کے باعث مزید 7 افراد کی اموات کی تصدیق ہوئی جس کے بعد اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 82 جب کہ زخمیوں کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے میں بارشوں سے 2536 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے جب کہ 592کو جزوی نقصان پہنچا ہے، اب تک بارشوں سے سب زیا دہ مالی نقصان ضلع واشک میں ہوا ہے جہاں 2080 مکانات اور 550کلو میٹر سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہوئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 706 مویشی ہلاک، 1800 سولر پینل، 240 بورنگ، ایک لاکھ 97900 ایکڑ فصلوں کو نقصان ہوا ہے۔
دوسری جانب ضلع پنجگور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، 100سے زائد کچے مکانات منہدم ہوگئے، سوردو مری آباد میں سیلابی ریلا 4 افراد کو بہا کرلے گیا جن میں سے 2 کی لاشیں نکال لی گئیں جب کہ دو بچیوں کی تلاش جاری ہے۔

طوفانی بارش کے بعد رخشاں ندی میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی جب کہ تربت اور ہوشاب کے درمیان ٹاورز گرنے سےضلع بھر میں بجلی کی فراہمی 2 روز بھی معطل رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں