لاہور میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس دوران مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر اور اس کے گردو نواح میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک شہر میں مجموعی طور پر 81 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں اب تک 81 اور نشتر ٹاؤن میں 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے ہیئر میں بارش کے باعث بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ملبے تلے دب کر 10 سالہ بچی زخمی ہوگئی جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
علاوہ ازیں پاکپتن شہراورگردونواح میں موسلادھاربارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔