ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) پشاور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحقیقات کے لیے طلب کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے کی جانب سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سابق گورنر کے پی شاہ فرمان، پی ٹی آئی صوبائی فنانس سیکرٹری محمد عمران اور صوبائی ممبر فنانس محمد حسن داؤد کو طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو 18 اگست کو طلب کیا ہے۔
خیال رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے فیصلے کے بعد ایف آئی اے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کررہی ہے۔
انٹیلی جنس ایجنسی نے چھ رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
متعلقہ حکام نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے خصوصی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی تھی۔
مانیٹرنگ ٹیم لاہور، پشاور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ اور فیصل آباد میں زونل انکوائری ٹیم کے ساتھ رابطہ کرے گی۔
زونل کمیٹیاں عمران خان کی زیر قیادت پی ٹی آئی کے اثاثوں کا ریکارڈ اکٹھا کریں گی جبکہ پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ 2002 کے تحت انکوائری کی جائے گی۔