متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے سری لنکا کو جیت کیلئے 174 رنز کا ہدف دے دیا۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 173رنز بنائے، کپتان روہت شرما 72 رنز بناکر نمایاں رہے۔
اس کے علاوہ سوریا کمار یادیو 34، یاردک پانڈیا اور رشبھ پنٹ نے 17،17 رنز بنائے، ویرات کوہلی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مادوشنکا نے 3، کرونارتنے اور کپتان داسن شانکا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شانکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
سری لنکن ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ بھارت نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے روی ایشون کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔
سری لنکا اور بھارت دونوں سپر فور مرحلے میں اپنا دوسرا میچ کھیل رہے ہیں، سری لنکن ٹیم نے پہلے میچ میں افغانستان کو شکست دی تھی جبکہ بھارتی ٹیم کو پاکستان کے ہاتھوں ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تاہم اگر آج سری لنکا بھارت کو شکست دینے میں کامیاب رہا تو وہ اتوار کو ہونے والے ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کیلئے مضبوط امیدوار ہوگا جبکہ بھارت کو آج شکست کی صورت میں فائنل میں پہنچنے کیلئے افغانستان کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلنے سے پہلے ہی دوسری ٹیموں پر انحصار کرنا پڑے گا۔
بھارتی ٹیم کی کوشش یہی رہے گی کہ وہ سری لنکا کو شکست دے کر فائنل کی دوڑ میں شامل رہے۔
واضح رہے کہ سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔