دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ویسے تو ٹیسلا اور اسپیس ایکس جیسی کمپنیوں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔
مگر اب انہوں نے ایک نئے کاروبار میں قدم رکھتے ہوئے اپنا پہلا پرفیوم فروخت کے لیے پیش کردیا ہے۔
برنٹ ہیئر نامی اس پرفیوم کو ایلون مسک نے اپنی بورنگ کمپنی (زیرزمین انفرا اسٹرکچر تیار کرنے والی کمپنی) کے ذریعے متعارف کرایا ہے۔
ایک ٹوئٹ میں ایلون مسک نے اس پرفیوم کو ‘ دنیا کی سب سے بہترین خوشبو’ قرار دیا۔
بورنگ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق یہ پرفیوم 100 ڈالرز (21 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا مگر اس کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
بعد ازاں ایلون مسک نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ‘جیسا میرا نام ہے اس کو دیکھتے ہوئے پرفیوم بزنس میں داخلہ یقینی تھا، آخر میں اتنے عرصے تک اس سے لڑتا کیوں رہا؟’
انہوں نے ٹوئٹر پر بھی اپنا تعارف تبدیل کرتے ہوئے پرفیوم سیلزمین کردیا ہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں ایلون مسک نے بتایا کہ صرف 6 گھنٹوں میں پرفیوم کی 10 ہزار بوتلیں فروخت ہوچکی ہیں یعنی وہ 10 لاکھ ڈالرز کما چکے ہیں۔
اس سے ٹوئٹر پر ایلون مسک کی مقبولیت کا عندیہ بھی ملتا ہے کہ ایک ٹوئٹ سے بھی وہ لاکھوں ڈالرز کما سکتے ہیں۔