سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے عمران خان کا لانگ مارچ فوری روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔
عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ڈی چوک کال توہین عدالت ہے، 26 مئی کو صبح جناح ایونیو پر 6 بجے ریلی ختم کی گئی، عمران خان مختص جگہ سے گزر کر بلیو ایریا آئے اور ریلی ختم کی، مختص مقام ایچ نائن سے 4 کلومیٹر آگے آکرعمران خان نے ریلی ختم کی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی جانب سے عمران خان کا لانگ مارچ روکنے کی استدعا کی گئی تاہم عدالت نے وفاقی حکومت کی لانگ مارچ فوری روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ روکنے کی درخواست اب مؤثر ہوگئی کیونکہ وہ دوبارہ آ رہے ہیں۔
عدالت نے توہین کیس میں عمران خان سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جمعے سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔