آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے اننگز کے آغاز پر شاہین نے پہلے ہی اوور میں اوپنر فِن ایلن کو 4 رنز پر پویلین لوٹایا جب کہ پاور پلے کے اختتام یعنی چھٹے اوور کی آخری گیند پر شاداب نے ڈیون کونوے کو شاندار رن آؤٹ کیا۔
اس کے بعد محمد نواز نے گلین فلپس کو پویلین لوٹایا ،کیوی ٹیم نے 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنالیے ہیں۔
ٹاس کے وقت گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں، ہمارا اس میچ پر فوکس ہے، آخری تین میچز اچھے کھیلے، اس مومینٹم کو برقرار رکھیں گے۔
بابر کا کہنا ہے کہ جیت کی وجہ سے بہت زیادہ پُراعتماد ہیں ، نیوزی لینڈ کے پاس کوالٹی بولرز اور بیٹر ز ہیں۔
پاکستانی ٹیم:
سیمی فائنل میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم:
نیوزی لینڈ ٹیم میں کپتان کین ولیمسن ، فن ایلن ، ڈیرل مچل ، گلین فلپس ، ڈیون کونوے،ٹرینٹ بولٹ ، ٹم ساؤتھی ، لوکی فرگوسن ، جمی نیشم ، مچل سینٹنراور ایش سودھی شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ورلڈ کپ میں 6 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 4 میں پاکستان اور2 نیوزی لینڈ کو فتح ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آج کے میچ میں 8 سے 24 فیصد بارش کے امکانات ہیں، عام طور پر مطلع صاف رہے گا تاہم جزوی طور پر ابر آلود بھی ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کی پچ سے متعلق بتایا گیا ہےکہ اس گراؤنڈ کی پچ ہمیشہ بلے بازوں کے لیے بہترین رہی ہے اس لیے دونوں جانب سے تابڑ توڑ رنز اسکور کیے جانے کا امکان ہے جب کہ پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیم 170 سے 180 تک کا ٹارگٹ دے سکتی ہے۔