اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے الوداعی ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرریوں کے بعد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے الوداعی ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے ملکی دفاع کیلئے ان کی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل ندیم رضا کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف بنانے کا فیصلہ، سمری صدر کو ارسال
خیال رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیرکو اگلا چیف آف آرمی سٹاف مقررکرنے کی منظوری دے دی۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹنٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور لیفٹنٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حتمی منظوری کے لیے سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کردی گئی۔
ایڈوائس صدر کو بھجوادی، امید ہے کوئی تنازع کھڑا نہیں کرینگے، خواجہ آصف
اس حوالے سے وفاقی وزیر خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس کی منظوری دینگے، ان کے دستخط سے ہیجانی کیفیت ختم ہوجائے گی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ صدرمملکت پاک افواج کے سپریم کمانڈر ہیں، امید ہے صدرمملکت کوئی تنازع کھڑا نہیں کرینگے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ تمام معاملات آئین وقانون کے مطابق طے پائے، امید ہے صدر تعیناتی کو سیاسی نظر سے نہیں دیکھیں گے۔