تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو مذاکرات کے لیے بڑی پیشکش کردی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب کیا۔
خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ ہم سے بات کرکے انتخابات کی تاریخ دیں، ہم ان کوموقع دے سکتے ہیں کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں اور بات کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ بیٹھ کرانتخاب کی تاریخ دیں یا ہم اسمبلی تحلیل کردیں گے، اگر کے پی اور پنجاب اسمبلی تحلیل کی تو66 فیصد حصےمیں انتخابات ہوں گے۔
عمران خان کہتے ہیں ہم نے بہت کوشش کی مگریہ انتخابات کا نام ہی نہیں لیتے جب کہ ق لیگ مکمل طور پر ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور پرویزالہیٰ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق پرویزالہیٰ نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ جب میں کہوں گا تو وہ اسمبلی تحلیل کردیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں ڈرلگاہوا ہے کہ اگر انتخابات کرائیں گے تو انہیں شکست ہوجائے گی جب کہ انتخابات کے بغیرسیاسی استحکام ممکن نہیں۔
عمران خان کا مزید کہنا ہے کہ جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا تو معیشت بہتر نہیں ہوگی، پی ٹی آئی کو ہراساں کرنے کےعلاوہ ان کا کوئی روڈ میپ نہیں ہے جب کہ یہ مجھے نااہل کرانا اور جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں۔
ویڈیو لنک خطاب میں عمران خان نے کہا کہ 88 فیصد سرمایہ کاروں کو اس حکومت پر اعتماد نہیں، اسحاق ڈار کہتا تھا کہ میں سب ٹھیک کردوں گا لیکن آج چپ کرکے بیٹھ گیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے اور اسٹریٹ کرائم بھی بڑھ گیا ہے جب کہ ملک دیوالیہ ہونے کی طرف بڑھ رہا ہے۔