انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز سنچری کے وقت اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے جوش و خروش کی ویڈیو شیئر کی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی آٹھویں سنچری 126 گیندوں پر ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر ناصر حسین بابر اعظم کی بیٹنگ کے معترف ہیں اور چند روز قبل انہوں نے بابر اعظم کا انٹرویو بھی کیا تھا۔
اب اسکائے اسپورٹس کی جانب سے ناصر حسین کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں پنڈی اسٹیڈیم میں بابر اعظم کی سنچری کے وقت تماشائیوں کا جوش و خروش دکھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ناصر حسین تماشائیوں کے نعرے دکھانے کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ کیا زبر دست لمحات ہیں، بابر اعظم کی جانب سے ’سچرڈے سنچری‘، پہلے دو روز تماشائیوں کی تعداد کم رہی لیکن آج یہ لوگ صرف ایک وجہ سے آئے ہیں، یہ سب بابر اعظم کو سنچری کرتا دیکھنے کے لیے آئے اور اس بندے نے میدان میں کر دکھایا۔