پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کے بعد صدر عارف علوی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مبینہ طور پر متعدد مرتبہ سختی سے متنبہ کیا کہ وہ پارٹی کے رہنماؤں اور سوشل میڈیا ٹیم کو نئے آرمی چیف اور فوج پر تنقید سے روکیں۔
ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی کی خبر میں انکشاف کیا گیا ہےکہ صدر علوی نے عمران خان کو خبردار کردیا ہے کہ وہ پارٹی رہنماؤں اورسوشل میڈیا ٹیم کو نئے آرمی چیف اور فوج پر تنقید سے روکیں، فوج کی عزت اس کی ریڈ لائن ہے اسے پار نہ کیا جائے۔
پاک فوج کی کمان میں تبدیلی کے بعد ’پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی’ کے نام سے واٹس ایپ گروپ میں عمران خان کا پیغام پہنچایا گیا۔
پیغام میں کہا گیا کہ نئے آرمی چیف پر کسی بھی فورم پر کوئی تنقید نہ کی جائے اور اس بات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نئی فوجی اسٹیبلشمنٹ اور آرمی چیف پر تنقید نہیں ہوگی، ادارے کے ساتھ لڑائی نہیں کی جا سکتی۔